پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھارت میں مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار کر دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ہاکی فڈریشن نے بھارت میں مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار کر دیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے صدر محی الدین احمد وانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے مینز ایشین چیمپئنز ٹرافی 2026 کے ٹورنامنٹ یا پاکستان کے تمام میچز کسی غیر جانب دار مقام پر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔

محی الدین احمد وانی  نے کہا کہ یہ فیصلہ پاک بھارت موجودہ دوطرفہ حساس صورتحال اور سکیورٹی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ہمارے قومی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایشین چیمپئنز ٹرافی اور عالمی ہاکی کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے، ہم بھارت سمیت تمام ایف آئی ایچ  رکن ممالک کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں اور کھیل کو سیاست سے پاک رکھنے کے نظریے پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ ایشین ہاکی فیڈریشن پاکستان کی بلا تعطل اور مکمل شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ہماری غیر جانب دار مقام کی اس تجویز پر مثبت فیصلہ کرے گی۔

خیال رہے کہ بھارت میں شیڈول ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان، بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا اور کوریا نے شرکت کرنی ہے، ایشین چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک جالندھر اور موہالی میں کھیلی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button