پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں بڑی کمی، اگست میں خسارہ 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہ گیا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں ماہانہ بنیادوں پر نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اگست 2026 میں خسارہ کم ہو کر تقریباً 9 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہ گیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 44 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا، جو اگست میں کم ہو کر 98 ملین ڈالر رہ گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق اگست 2025 میں بھی کرنٹ اکاؤنٹ کو تقریباً 32 کروڑ ڈالر کے خسارے کا سامنا تھا، یوں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں بھی رواں سال اگست میں خسارے میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

رپورٹس کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں بہتری نے بیرونی کھاتے کو سہارا دیا۔ جولائی اور اگست 2026 کے دوران ترسیلاتِ زر میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ بھی رپورٹ ہوا ہے۔

رواں مالی سال 2026-27 کے ابتدائی دو ماہ، جولائی اور اگست کے دوران مجموعی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تقریباً 54 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔

ماہرین کے مطابق ترسیلاتِ زر میں اضافہ اور برآمدات میں بہتری بیرونی کھاتے کے دباؤ کو کم رکھنے میں معاون عوامل میں شامل ہیں، تاہم آنے والے مہینوں میں درآمدات، عالمی اجناس کی قیمتوں اور بیرونی مالی بہاؤ کی صورتحال کرنٹ اکاؤنٹ پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button