آئینی عدالت نے آج مایوس کیا،اسٹریٹ موومنٹ سہیل آفریدی کی ذمہ داری ہے،بیرسٹرگوہر

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آئینی عدالت نے آج ہمیں بہت مایوس کیا، جب آئینی عدالت بنی تھی تو اس وقت بھی ہمارے بڑے تحفظات تھے، آج عدالت کو اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے تھی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات ہیں کہ اسٹریٹ موومنٹ چلانا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی ذمہ داری ہے، کسی طرف بھی دراڑ نہیں ہونی چاہیے، ورنہ اس کا نقصان عوام کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے دوران کوئی راستہ بند نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی توڑ پھوڑ ہوگی، جہاں بھی ہمیں آنا ہوا ضرور آئیں گے، تاہم انتشار نہیں ہوگا بلکہ امن و امان برقرار رکھا جائے گا، یہ ہماری سیاسی جدوجہد ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے دوران راستے کھلے رہیں گے، نہ کوئی ایمبولینس رکے گی اور نہ ہی کوئی گاڑی روکی جائے گی۔ ان کے بقول پی ٹی آئی صرف انصاف مانگ رہی ہے کیونکہ اسے انصاف نہیں ملا، نہ پارلیمان نے انصاف دیا اور نہ ہی عدالت سے انصاف ملا۔
انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے امید ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج اور ضروری ٹیسٹوں کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل بورڈ میں ان کے خاندان کے ایک فرد کو بھی شامل کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے علاج اور میڈیکل بورڈ کا معاملہ سادہ طریقے سے حل کیا جاسکتا تھا، اگر علاج کا معاملہ حل ہوجائے تو 15 ماہ سے جاری تشویش بھی ختم ہوسکتی ہے۔
بیرسٹر گوہر اس سے قبل بھی عمران خان کی صحت کے معاملے کو ایک عدالت سے دوسری عدالت منتقل کرنے پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں اور کہا تھا کہ سیاسی مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔



