ملائیشیا سے اسرائیلی فوج کیلئے جانے والی کسی کھیپ کو گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی، انور ابراہیم


کوالالمپور(ویب ڈیسک) ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کے لیے بھیجی جانے والی کسی بھی کھیپ کو ملائیشیا سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا ایسے کسی سامان کی ترسیل کے لیے راستے کے طور پر استعمال نہیں ہوگا جو اسرائیلی فوجی صلاحیتوں میں معاونت کرے یا فلسطینیوں سمیت بے گناہ افراد کے خلاف مظالم میں کردار ادا کرے۔
ملائیشین وزیراعظم کے مطابق مشتبہ کھیپ کی ملکی قوانین کے تحت جانچ اور تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ خلاف ورزی ثابت ہونے کی صورت میں فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انور ابراہیم کا بیان بلومبرگ کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ملائیشیا کے حکام نے ملک کی ایک بڑی بندرگاہ سے اسرائیل جانے والی تمام شپمنٹس کی ترسیل روک دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملائیشین حکام نے گزشتہ ماہ 19 اگست کو 3 کنٹینرز بھی روکے تھے۔ ملائیشیا اور اسرائیل کے درمیان سفارتی و تجارتی تعلقات قائم نہیں ہیں۔