ٹھیکیداروں کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر کے مسلسل حق تلفی کی جا رہی ہے،حیدرآباد کنٹریکٹر کمیٹی

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن )حیدرآباد کنٹریکٹر کمیٹی کے رہنماؤں علی احمد بروہی، خدا بخش خاصخیلی، نوراللہ ابڑو، مخدوم بلاول، عبدالغفار، آغا شعیب، افتخار بیرو، فیصل سومرو اور دیگر نے پریس کلب ٹھٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیداروں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر کے مسلسل حق تلفی کی جا رہی ہے۔ چند ٹھیکیداروں کو نوازنے کے لیے اربوں روپے جاری کر کے باقی ٹھیکیداروں کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پچھلے بجٹ بک میں اے ڈی پی اسکیموں کو تسلیم نہیں کرتے۔ پورے بجٹ بک میں اپنی پسند کے لوگوں کو نوازا گیا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 7 اسکیموں پر 16 ارب روپے رکھے گئے ہیں جبکہ جون 2026 تک ان اسکیموں پر 7 ارب روپے خرچ ظاہر کیے گئے ہیں اور مالی سال 2026-27 کے لیے تقریباً 9 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اے ڈی پی میں اندازاً 8 ارب 8 کروڑ روپے ہیں، جبکہ مالی سال 26-27 کے لیے مذکورہ اسکیم میں 4 ارب 34 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی وقت 177 اسکیموں کے لیے ہر اسکیم کے نام پر ایک ایک ہزار روپے رکھے گئے ہیں جو کہ ٹھیکیداروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اے ڈی پی بجٹ میں ٹھیکیداروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا نوٹس لیا جائے، اسکیموں کی تقسیم شفاف طریقے سے کی جائے اور سالوں سے التوا کا شکار اسکیموں کو مکمل کرنے کے لیے ٹھیکیداروں کے بقایا بجٹ انہیں جلد جاری کیے جائیں تاکہ اسکیمیں مکمل ہو سکیں اور ٹھیکیداروں کو ان کا حق مل سکے۔



