سجاول میں مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار،2 فرار

سجاول (جانوڈاٹ پی کے) سجاول میں سرویچ نگر لنک روڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں اسلحے سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سرویچ نگر لنک روڈ کے قریب مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جہاں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے دوران ایک ملزم زخمی ہوگیا جسے پولیس نے اسلحے سمیت گرفتار کرلیا، جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی شناخت نظیر آمڑو کے نام سے ہوئی ہے، جو مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر 9 مقدمات درج ہیں، جن میں ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری، منشیات اور غیر قانونی اسلحے سے متعلق مقدمات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے اور فرار ملزمان کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔



