بروقت فرسٹ ایڈ قیمتی انسانی جان بچانے کے لیے ناگزیر ہے، مریم نواز

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حادثات اور ہنگامی حالات میں بروقت ابتدائی طبی امداد قیمتی انسانی جانیں بچانے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے ریسکیو 1122 کے ریسکیورز اور ہسپتالوں کے ایمرجنسی اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ اور صحت مند معاشرے کے لیے عوام میں فرسٹ ایڈ سے متعلق شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہنگامی صورتحال میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب گولڈن آورز کے دوران مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت یقینی بنانے کے لیے ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق حکومت ہنگامی طبی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن بوٹس کے ذریعے فرسٹ ایڈ اور ریسکیو سروسز بھی فراہم کی گئیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے اہلکار دن رات انسانیت کی خدمت اور حادثات کے شکار افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ ہر شہری، بالخصوص نوجوانوں اور طلبہ و طالبات کو بنیادی فرسٹ ایڈ کی تربیت حاصل کرنی چاہیے۔



