مزید صوبوں کی تقسیم مسائل کا حل نہیں، بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جائے، رضا ربانی

بارسلونا(ویب ڈیسک) سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ مزید صوبوں کی تقسیم ملک کو درپیش مسائل کا حل نہیں، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مقامی حکومتوں کو حقیقی اختیارات دیے جائیں۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بلدیاتی نظام کو بدقسمتی سے مطلوبہ اختیارات نہیں دیے گئے، جبکہ مزید صوبوں کی تشکیل سے وفاقی نظام پر گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ ملک کی موجودہ داخلی صورتحال مزید فالٹ لائنز پر دباؤ برداشت کرنے کی متحمل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ صوبے تاریخی، لسانی، نسلی اور ثقافتی بنیادوں پر قائم ہیں، اس لیے نئے صوبوں کی تشکیل بھی انہی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ہونی چاہیے، محض انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی تقسیم مناسب نہیں۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے واضح کیا کہ کسی بھی صوبے کی تقسیم بنیادی طور پر متعلقہ صوبے اور اس کے عوام کا معاملہ ہے، جبکہ آئین کے تحت صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت کی منظوری ضروری ہے۔

رضا ربانی نے ملک میں جاری سیاسی نظام پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس وقت ہائبرڈ نظام چل رہا ہے، اسمبلیاں موجود ہیں لیکن اپنا حقیقی اور مؤثر کردار ادا نہیں کر پا رہیں۔ اہم پالیسی فیصلوں میں پارلیمان کا کردار مسلسل محدود ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو آئینی، قومی اور پالیسی معاملات میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے، جبکہ قانون کی حکمرانی کے لیے آزاد، مضبوط اور غیر جانب دار عدلیہ ناگزیر ہے۔ عدلیہ کی آزادی کا تحفظ ایگزیکٹو اور پارلیمان دونوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔

سینیٹر میاں رضا ربانی نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ طریقۂ کار پر اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ اوورسیز ووٹنگ کے لیے مکمل شفاف، محفوظ اور قابلِ اعتماد نظام تشکیل دیا جائے، کیونکہ پاکستان کا انتخابی نظام پہلے ہی مختلف سوالات کی زد میں ہے اور مزید شفافیت یقینی بنانا ہوگی۔

آزاد کشمیر کے انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ مرحلہ وار پولنگ کرائی گئی، تاہم انتخابات کی شفافیت کے حوالے سے کئی سوالات موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی آزاد کشمیر کے انتخابات کے معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button