یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ملازمین کو اسی روز پنشن ملے گی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن اور بنیادی مالی واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت پنشن اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری سروسز، سیکریٹری صحت اور سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن ادا کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازم کو ملازمت کے آخری روز پنشن سمیت تمام بنیادی مالی واجبات ملنے چاہئیں۔

آصف حیدر شاہ نے تمام صوبائی محکموں کو زیر التوا پنشن بل تین ماہ میں کلیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں۔ بروقت ادائیگی کے لیے مربوط نظام تشکیل دیا جائے۔

چیف سیکریٹری نے سیکریٹری سروسز کی سربراہی میں بین المحکماتی ٹاسک فورس قائم کرنے کی بھی ہدایت کی، جس میں اے جی سندھ، محکمہ خزانہ، صحت، جنرل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ محکمے شامل ہوں گے۔ پنشن کی بروقت ادائیگی کے لیے ضرورت کے مطابق قواعد میں ترامیم بھی تجویز کی جائیں گی، جبکہ حتمی عملی فریم ورک ایک ہفتے میں پیش کیا جائے گا۔

اجلاس میں سرکاری ملازمین کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کلیمز میں تاخیر کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے نامکمل دستاویزات، ای ویری فکیشن اور این اے سی کے اجرا میں تاخیر کو اہم رکاوٹیں قرار دیا۔

آصف حیدر شاہ نے کہا کہ میڈیکل کلیمز میں تاخیر پالیسی یا فنڈز کا نہیں بلکہ انتظامی رکاوٹوں کا مسئلہ ہے، اس لیے غیر ضروری کاغذی کارروائی ختم کی جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کا طریقہ کار آسان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو پنشن اور میڈیکل واجبات کے حصول میں غیر ضروری دفتری مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button