کراچی: رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں، گینگ وار اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)کراچی میں رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گینگ وار، منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائم میں مبینہ طور پر ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق کیماڑی پولیس نے گینگ وار کے کاشف ڈاڈا گروہ سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ کارندوں نعمان اور شاہ میر کو گرفتار کرکے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان منشیات اور رقم کی ترسیل کے لیے ’’ٹپالی‘‘ کا کوڈ ورڈ استعمال کرتے تھے اور مبینہ طور پر روزانہ 4 سے 5 لاکھ روپے کی منشیات فروخت کرتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش کے دوران گروہ میں خواتین کے مبینہ طور پر منشیات فروشی میں کردار اور گروہ کے ایک 14 سالہ کم عمر کارندے کے بارے میں بھی معلومات سامنے آئی ہیں۔ ملزمان نے مبینہ طور پر بتایا کہ کاشف ڈاڈا ایک واردات کے عوض 2 سے 3 ہزار روپے یا بعض اوقات منشیات فراہم کرتا تھا۔
دوسری جانب رینجرز نے لالاباد، شیر پاؤ کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث ’’شیرو گروہ‘‘ کے کارندے ارسلان شاہ ولد عبدالصمد کو گرفتار کرلیا۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون اور بغیر کاغذات 125 موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ ملزم کے ساتھی کے گھر سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شیر پاؤ کالونی، داؤد چورنگی، ملیر، قیوم آباد، کورنگی اور ملحقہ علاقوں میں اسلحے کے زور پر شہریوں سے نقدی، موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں چھیننے سمیت ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کو زخمی کرنے کی متعدد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث رہا ہے۔



