اورنگی ٹاؤن میں زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار گر گئی، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) اورنگی ٹاؤن کے بلاک ایل میں زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار اچانک گرنے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ فٹبال گراؤنڈ اور بلدیہ اسکول کے قریب پیش آیا، جہاں زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار اچانک منہدم ہوگئی اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے رضاکاروں، دیگر امدادی اداروں، پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے 5 افراد کی لاشیں اور متعدد زخمیوں کو نکال لیا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی فوری وجہ معلوم نہیں ہوسکی، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button