پنجاب کی5بڑی میڈیکل یونیورسٹیزمیں وی سیزکاتقررلٹک گیا،گورنر نے سمری روکدی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب کی پانچ بڑی میڈیکل یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کا معاملہ تعطل کا شکار ہوگیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صوبائی حکومت کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دستخط کرنے سے انکار کرتے ہوئے تمام شارٹ لسٹ امیدواروں کے خود انٹرویوز لینے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے ہر یونیورسٹی کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے تین، تین امیدواروں کو پیر کے روز ملاقات کے لیے طلب کرلیا ہے۔ گورنر پنجاب تمام امیدواروں سے خود ملاقات کرکے ان کے انٹرویوز لیں گے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد پانچوں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے لیے ایک، ایک نام تجویز کرکے سمری گورنر پنجاب کو ارسال کی گئی تھی، تاہم گورنر ہاؤس کے ذرائع کے مطابق سردار سلیم حیدر نے امیدواروں سے ملاقات کیے بغیر سمری پر دستخط کرنے سے انکار کردیا ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ اگر کسی امیدوار کے حوالے سے تحفظات سامنے آئے تو وہ پنجاب حکومت کی سمری پر اعتراض لگا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق سمری پر فیصلہ کرنے کے لیے انہیں 15 روز کا وقت حاصل ہے۔

پنجاب حکومت نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے نام گورنر پنجاب کو بھجوائے تھے۔

گورنر پنجاب کی جانب سے امیدواروں کے براہ راست انٹرویوز لینے کے فیصلے کے بعد پانچوں اہم طبی جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل مزید تاخیر کا شکار ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button