ایران جنگ 2029 تک جاری رہنے کا خدشہ،ٹرمپ کو سینئر مشیروں نے خبردار کردیا

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکی حکام کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سینیئر مشیروں نے نجی ملاقاتوں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ ان کی مدت صدارت کے اختتام تک جاری رہ سکتی ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق حکام نے بتایا کہ اوول آفس اور سچویشن روم میں ہونے والی بریفنگز کے دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور دیگر نے صدر ٹرمپ کے ساتھ اس خدشے پر تبادلہ خیال کیا ہے کہ ایران امریکی ناکہ بندی اور دیگر فوجی حربوں کے خلاف اپنی مزاحمت طویل عرصے تک جاری رکھ سکتا ہے۔
ٹرمپ کے مشیروں کے مطابق یہ تنازع ممکنہ طور پر جنوری 2029 میں نئے صدر کی حلف برداری تک جاری رہ سکتا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق یہ معاملہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ نے گزشتہ روز ہی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے فوراً بعد یہ جنگ ختم ہو جائے گی کیونکہ ایران مزید مزاحمت نہیں کرسکے گا۔
حکام کا ماننا ہے کہ کئی سالوں پر محیط یہ جنگ نہ صرف امریکی فوجی وسائل پر شدید دباؤ ڈالے گی بلکہ عالمی تیل کی منڈیوں میں طویل مدتی بحران کا خطرہ بھی پیدا کر دے گی۔
امریکی اخبار کے مطابق جے ڈی وینس اور مارکو روبیو دونوں کو آئندہ صدارتی الیکشن کے ممکنہ امیدواروں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے تاہم دونوں نے تاحال الیکشن لڑنے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا۔
اخبار کا کہنا ہے کہ سینیئر امریکی معاونین کا یہ اعتراف ٹرمپ کے ان دعوؤں کی نفی کرتا ہے جن میں وہ کہتے رہے ہیں کہ امریکا نے ایرانی افواج کو شکست دے دی ہے اور ایران جلد ہتھیار ڈال دے گا۔
اس تنازع کے طول پکڑنے کے پیش نظر امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے صدر ٹرمپ کو فوجی آپشنز فراہم کرنے کے لیے مشرق وسطیٰ میں بعض فوجیوں کی تعیناتی میں 2027 تک توسیع کر دی ہے۔



