آزاد کشمیر میں کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ،زخمی رینجرز جوان شہید

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) آزاد جموں و کشمیر میں کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ سے زخمی ہونے والے رینجرز کے جوان سپاہی آصف حسین دورانِ علاج شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق 4 ستمبر کو تراڑ کھل روڈ پر بند راستے کھولنے کے لیے جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران مسلح افراد کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں رینجرز کے سپاہی آصف حسین شدید زخمی ہوگئے تھے۔
زخمی سپاہی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیرِ علاج رہے، تاہم 10 ستمبر کو سی ایم ایچ راولپنڈی میں دورانِ علاج جام شہادت نوش کرگئے۔
حکام کے مطابق علاقے میں آمدورفت میں شدید مشکلات اور غذائی قلت کے باعث مقامی آبادی کے مطالبے پر بند راستے کھولنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کو مبینہ طور پر اسنائپر فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی صورتحال مزید حساس ہوگئی۔
سیکیورٹی ماہرین کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے خلاف جدید اسلحے اور مبینہ بارودی مواد کا استعمال ایک سنگین سیکیورٹی چیلنج ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں پر مسلح حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ضروری ہے۔
رینجرز اہلکار سپاہی آصف حسین کی شہادت نے ایک بار پھر یہ سوال اٹھا دیا ہے کہ حساس علاقوں میں امن و امان کی بحالی کے لیے خدمات انجام دینے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو درپیش خطرات سے کیسے نمٹا جائے۔
شہید سپاہی آصف حسین کی قربانی ریاستی فرائض کی انجام دہی کے دوران دی جانے والی ایک اور قیمتی قربانی ہے۔



