آبنائے ہرمز پر بڑھتی کشیدگی! جنوبی کوریا نے خصوصی ٹیم روانہ کردی

سیئول (جانو ڈاٹ پی کے) آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی صورتحال پر جنوبی کوریا بھی متحرک ہوگیا، جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی معائنہ ٹیم روانہ کردی۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے مطابق معائنہ ٹیم کو آبنائے ہرمز بھیجنے کا مقصد خطے میں موجود مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا اور ممکنہ خطرات کا اندازہ لگانا ہے۔
وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیم خطے کی صورتحال، بحری سلامتی اور وہاں موجود سکیورٹی حالات کا جائزہ لے گی، جس کے بعد آئندہ کے اقدامات کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں اپنے فوجی دستے تعینات کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
حکام کے مطابق فی الحال توجہ زمینی حقائق اور سکیورٹی صورتحال کا براہِ راست جائزہ لینے پر مرکوز ہے۔ معائنہ ٹیم کی رپورٹ آئندہ پالیسی اور ممکنہ اقدامات کے تعین میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے، اس لیے یہاں پیدا ہونے والی کشیدگی نے عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی کے حوالے سے بھی خدشات پیدا کردیئے ہیں۔
جنوبی کوریا کی جانب سے خصوصی ٹیم روانہ کیے جانے کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر سیئول کی بڑھتی ہوئی تشویش کے طور پر دیکھا جارہا ہے، تاہم حکومت نے فی الحال فوجی تعیناتی کا فیصلہ نہ ہونے کی واضح کردی ہے۔



