اسلام آباد پولیس جدید ہوگئی، 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم، ماہانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے جدید، محفوظ اور ماحول دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کردیں، جبکہ نئی گاڑیاں کیپٹل پٹرول فورس کے حوالے کی گئی ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے الیکٹرک گاڑیوں کی چابیاں وفاقی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کے حوالے کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کو ملک کے دیگر شہروں کے لیے رول ماڈل بننا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئی الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کا مقصد پولیسنگ نظام کو ماحول دوست بنانا ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کی کارکردگی اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری آئے گی۔
آئی جی اسلام آباد کے مطابق شہریوں کی سکیورٹی کے لیے نئی کیپٹل پٹرول فورس قائم کی گئی ہے۔ ہر پٹرول یونٹ میں ایک مرد اور ایک خاتون پولیس اہلکار تعینات ہوگی، جبکہ تمام اہلکار جدید باڈی کیمروں سے لیس ہوں گے۔
آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ کیپٹل پٹرول فورس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں، جن کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں ماہانہ 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی بچت متوقع ہے۔
ان کے مطابق ایندھن کی بچت کی بنیاد پر ایک الیکٹرک گاڑی کی لاگت تقریباً ساڑھے 10 ماہ میں پوری ہوجائے گی، جس کے بعد یہ اقدام پولیس کے اخراجات میں نمایاں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی گاڑیوں، باڈی کیمروں اور جدید پولیسنگ نظام کے ذریعے دارالحکومت میں گشت، شہریوں کی فوری مدد اور سکیورٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔



