اڈیالہ جیل کی سکیورٹی ہائی الرٹ، 8 مقامات پر ناکے قائم،435اہلکارتعینات کرنےکافیصلہ

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) اڈیالہ جیل کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، جس کے تحت جیل کے اطراف 8 اہم مقامات پر پولیس ناکے قائم کیے جائیں گے جبکہ مجموعی طور پر 435 پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔

پولیس ذرائع کے مطابق نئے سکیورٹی پلان کے تحت داہگل، گیٹ نمبر 1، گیٹ نمبر 5، فارماسیوٹیکل فیکٹری اور گورکھپور سمیت اہم مقامات پر ناکے قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی فیز 8، چکری اور ٹھلیاں میں بھی اضافی ناکے لگائے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کی سکیورٹی کے لیے رائٹ مینجمنٹ، ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کے اہلکار فرائض انجام دیں گے، جبکہ جیل کے اطراف مشکوک اور غیر ضروری نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔

سکیورٹی پلان کے تحت داہگل سے گورکھپور تک پیٹرول پمپس، ہوٹلوں اور دکانوں کو بند کرایا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد جیل کے گردونواح میں سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانا اور غیر ضروری آمدورفت کو محدود کرنا ہے۔

نئے پلان کے تحت سکیورٹی انتظامات کی نگرانی ایس پی صدر اور انچارج ڈی ایس پی صدر کریں گے، جبکہ پولیس، ایلیٹ اور ڈولفن فورس کی تعیناتی بھی سکیورٹی صورتحال کے مطابق برقرار رکھی جائے گی۔

پولیس ذرائع کے مطابق نیا سکیورٹی پلان تاحکم ثانی نافذ رہے گا، جس کے بعد اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف میں سکیورٹی انتظامات پہلے سے کہیں زیادہ سخت ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button