پاکستان کی سی فوڈ برآمدات نے تاریخ رقم کردی، 568 ملین ڈالر کا نیا ریکارڈ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات نے تاریخ کی بلند ترین سطح عبور کرتے ہوئے 568 ملین ڈالر کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، جبکہ گزشتہ دو برس کے دوران سی فوڈ برآمدات میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پہلی مرتبہ پاکستان کی سی فوڈ برآمدات نے 500 ملین ڈالر کی حد عبور کی اور مجموعی طور پر 568 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
ان کے مطابق مالی سال 2023-24 میں پاکستان کی سی فوڈ برآمدات 406 ملین ڈالر تھیں، جو مالی سال 2024-25 میں بڑھ کر 489 ملین ڈالر ہوئیں، جبکہ مالی سال 2025-26 میں نمایاں اضافے کے بعد یہ حجم 568 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔
سی فوڈ برآمدات میں نمایاں اضافہ
خرم شہزاد کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران منجمد مچھلی کی برآمدات 105.1 ملین ڈالر، سکویڈ اور کٹل فش 103.7 ملین ڈالر، فش میل 83.1 ملین ڈالر، جھینگے 62.1 ملین ڈالر جبکہ کیکڑوں کی برآمدات 36.9 ملین ڈالر رہیں۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستانی سی فوڈ جنوب مشرقی ایشیا، خلیجی ممالک، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا سمیت مختلف عالمی منڈیوں میں برآمد کیا جارہا ہے۔
ان کے مطابق معیار میں بہتری اور نئی منڈیوں تک رسائی کے باعث پاکستانی سمندری خوراک کے لیے برآمدی مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔
روسی مارکیٹ میں بھی پاکستان کی بڑی پیش رفت
خرم شہزاد نے بتایا کہ روسی منڈی میں بھی پاکستانی سی فوڈ کی رسائی میں اضافہ ہوا ہے اور 16 پاکستانی سی فوڈ پروسیسنگ پلانٹس کو روسی مارکیٹ کے لیے منظور کیا جاچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے بلیو اکانومی کے شعبے میں برآمدات بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، تاہم ان امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور بنیادی سہولیات پر مزید توجہ دینا ہوگی۔
بلیو اکانومی سے زرمبادلہ اور روزگار کے نئے مواقع
مشیر خزانہ کے مطابق سی فوڈ سیکٹر میں جدید پروسیسنگ سہولیات، ویلیو ایڈیشن، ایکوا کلچر، کولڈ چین کے بنیادی ڈھانچے اور عالمی معیار کے حفظانِ صحت کے تقاضوں کو پورا کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بڑھا کر پاکستان سی فوڈ برآمدات میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ سی فوڈ برآمدات میں مسلسل اضافہ پاکستان کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے، جبکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری سے روزگار کے مواقع، ساحلی معیشت اور مجموعی بلیو اکانومی کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔
پاکستان کی سی فوڈ برآمدات کا ریکارڈ حجم ملکی برآمدی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، تاہم عالمی منڈی میں مزید رسائی اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے ذریعے اس شعبے کی برآمدی صلاحیت کو مزید بڑھانے کے امکانات موجود ہیں۔



