سفید باز نے مچائی دھوم، 15 لاکھ درہم میں نیلام ہوکر سب کو حیران کردیا

ابوظبی (جانو ڈاٹ پی کے) ابوظبی میں جاری بین الاقوامی نمائش میں ایک نایاب سفید باز نے ایسی دھوم مچائی کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے، انتہائی منفرد نسل کے اس باز نے 15 لاکھ درہم میں نیلام ہوکر رواں سال نمائش میں فروخت ہونے والے مہنگے ترین باز کا اعزاز حاصل کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق الٹرا وائٹ پیور گیر گرموشا نسل کا یہ نایاب سفید باز ابوظبی انٹرنیشنل ہنٹنگ اینڈ ایکوسٹرین ایگزیبیشن میں ریکارڈ قیمت پر نیلام ہوا۔
سفید پروں نے قیمت آسمان پر پہنچا دی!
امریکا کے مارک موگلچ فارم میں پرورش پانے والے اس غیر معمولی باز کا وزن تقریباً ایک ہزار گرام جبکہ اس کی لمبائی اور چوڑائی 16.5 انچ بتائی گئی ہے۔
باز کے مکمل سفید پروں اور منفرد جسمانی خدوخال نے اسے دیگر پرندوں سے نمایاں مقام دے دیا، یہی خصوصیات اس کی غیر معمولی قیمت کی بڑی وجہ قرار دی جارہی ہیں۔
نمائش میں دنیا بھر کے فالکن بریڈنگ فارمز کی شرکت
رواں سال ابوظبی میں ہونے والی اس بین الاقوامی نمائش میں مقامی اور عالمی سطح کے 55 معروف فالکن بریڈنگ فارمز شریک ہیں، جہاں نایاب اور اعلیٰ نسل کے باز نمائش اور نیلامی کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔
15 لاکھ درہم میں نایاب سفید باز کی نیلامی نے نہ صرف نمائش کی رونق بڑھا دی بلکہ فالکنری کی دنیا میں بھی نئی توجہ حاصل کرلی ہے۔



