آزاد کشمیر میں مسلح شرپسندوں کی فائرنگ، ایف سی جوان شہید، رینجرز اہلکار زخمی، ایک حملہ آور ہلاک

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر میں مسلح شرپسندوں کی فائرنگ سے ایف سی کا جوان شہید جبکہ پاکستان رینجرز کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا، سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔
آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق ضلع باغ میں چھترہ ٹوپی روڈ پر قائم کوپرہ پولیس چوکی اور تراڑکھل ایکسز پر مسلح شرپسندوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ حملے کے نتیجے میں ایف سی اہلکار رحیم گل شہید جبکہ رینجرز اہلکار زخمی ہوا۔
پولیس ترجمان کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے انتہائی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
حکام کے مطابق ہلاک حملہ آور کے قبضے سے 2 ہینڈ گرنیڈ، ایک کلاشنکوف، 3 میگزین بمعہ ایمونیشن اور ایک خنجر برآمد ہوا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ عوامی حقوق کی آڑ میں پرتشدد کارروائیوں میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی ملزم سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔



