سی ایس ایس امیدواروں کو بڑا جھٹکا، عمر کی حد اور چانسز بڑھانے کی سفارشات مسترد

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے امتحان کی تیاری کرنے والے امیدواروں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، عمر کی بالائی حد 30 سے بڑھا کر 35 سال اور امتحان دینے کے مواقع 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی سفارشات مسترد کر دی گئی ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وفاقی پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے اس حوالے سے اپنا تحریری مؤقف پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے سی ایس ایس امتحان کے لیے امیدواروں کی عمر کی بالائی حد 30 سال سے بڑھا کر 35 سال کرنے اور امتحان میں شرکت کے مواقع 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی سفارش کی تھی۔

تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان سفارشات کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا مؤقف اختیار کیا ہے، جس کے تحت سی ایس ایس امتحان کے لیے عمر کی بالائی حد 30 سال اور امتحان دینے کے 3 مواقع برقرار رہیں گے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق عمر کی حد یا امتحان کے مواقع میں اضافہ وفاقی حکومت کے پالیسی دائرہ کار میں آتا ہے، جبکہ ایف پی ایس سی صرف حکومت کی منظور شدہ پالیسی پر عمل درآمد کرتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف پی ایس سی کے 174ویں اجلاس میں بھی موجودہ پالیسی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سفارشات مسترد کرنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ عمر کی حد اور چانسز بڑھانے سے امیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے امتحانات کے انعقاد اور جوابی کاپیوں کی جانچ پڑتال پر انتظامی بوجھ بڑھ جائے گا۔

مؤقف میں مزید کہا گیا کہ امیدوار اپنے زندگی کے اہم اور پیداواری سال بار بار سی ایس ایس امتحان دینے میں صرف کر سکتے ہیں، جبکہ زیادہ عمر میں سول سروس جوائن کرنے والے افسران کی مؤثر مدت ملازمت بھی کم ہو جائے گی۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق اس صورتحال کے نتیجے میں طویل مدت کے لیے تجربہ کار اور تربیت یافتہ افسران کی دستیابی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button