عمران خان کا جیل ٹرائل شروع ہونے والا ہے، انسداد دہشتگردی عدالت کا عندیہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران انسداد دہشتگردی عدالت نے ان کے جیل ٹرائل شروع ہونے کا عندیہ دے دیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی کا ایک کیس میں جیل ٹرائل شروع ہونے والا ہے، کیا پتا اسی کیس میں بھی جیل ٹرائل شروع ہو جائے جو ان کے پاس زیرِ سماعت ہے۔

مقدمے میں ملوث دیگر 4 ملزمان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت وکلا نے عدالت سے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کے حوالے سے وزارتِ قانون کو لکھے گئے خط کا جواب آیا ہے یا نہیں۔

عدالت کی جانب سے بتایا گیا کہ وزارتِ قانون کو بھیجے گئے خط کا تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

بعد ازاں جج طاہر عباس سپرا نے مسکراتے ہوئے اگلا کیس کال کروا دیا۔ بانی پی ٹی آئی کی عدم دستیابی کے باعث مقدمے میں مزید کارروائی نہ ہوسکی اور عدالت نے سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کے حوالے سے وزارتِ قانون کو پہلے بھی خطوط ارسال کیے جا چکے ہیں، تاہم جواب موصول نہ ہونے کے باعث معاملہ زیرِ التوا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button