ہنگو میں ہسپتال کی تعمیر کا تنازع خونریز تصادم میں بدل گیا، 3 افراد جاں بحق


ہنگو(جانوڈاٹ پی کے) ضلع ہنگو کے علاقے ٹل میں ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے کی جگہ کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چھپری وزیران میں بی ایچ یو ہسپتال منصوبے کی جگہ پر پیش آیا، جہاں دونوں گروپوں کے درمیان کافی عرصے سے تنازع جاری تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں گروپ چاہتے تھے کہ بنیادی مرکز صحت (BHU) کی تعمیر ان کے علاقے میں کی جائے، جس پر اختلاف شدت اختیار کرگیا اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔