یوکرین جنگ: 51 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے

بشکیک(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مصری نے انکشاف کیا ہے کہ روسی فوج میں بھرتی ہونے والے 227 بھارتی شہریوں میں سے 51 ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ 139 بھارتی شہریوں کو فوج سے فارغ کیا جاچکا ہے۔
بشکیک میں میڈیا بریفنگ کے دوران وکرم مصری نے بتایا کہ روسی فوج میں اب بھی تقریباً دو درجن بھارتی شہری موجود ہیں، جن کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے نئی دہلی ماسکو سے مسلسل رابطے میں ہے۔
بھارتی حکومت کے مطابق روسی فوج میں شامل بھارتی شہریوں کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں پر متعدد مرتبہ اٹھایا جاچکا ہے اور بھارتی سفارتخانہ ماسکو میں ان معاملات کی نگرانی کر رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بعض بھارتی نوجوانوں کو روس میں ملازمتوں کے وعدوں کے ذریعے فوجی خدمات میں شامل کیا گیا، جبکہ بھارت نے روسی فوج میں موجود اپنے شہریوں کی جلد از جلد رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔



