ترک مسلح افواج کے یوم فتح کی 104ویں سالگرہ، جی ایچ کیو میں پروقار تقریب کا انعقاد


راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) ترک مسلح افواج کے یوم فتح کی 104ویں سالگرہ کے موقع پر جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیروغلو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات اور قریبی دوطرفہ روابط کو اجاگر کیا گیا۔ پاک ترک تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی طویل تاریخ پر مبنی ہیں۔
تقریب کے شرکاء نے ترک مسلح افواج کی بہادری، قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی و تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں پاک فوج کے افسران، ترک سفارتخانے کے حکام اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر جمہوریہ ترکیہ کے عوام اور مسلح افواج کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا گیا۔