نیویارک جیل سے وینزویلا کے صدر مادورو کی نئی تصاویر جاری،ہاتھ سے فتح کا نشان، سوشل میڈیا پر ہلچل

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)صدر ٹرمپ کے حکم پر امریکی فوج کے ہاتھوں گرفتار کیے گئے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے نیویارک جیل سے اپنی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کی ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق نکولس مادورو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) پر خاکستری رنگ کے ٹریک سوٹ میں اپنی دو تصاویر شیئر کی ہیں۔
ان تصاویر میں نکولس مادورو انگلیوں سے فتح کا نشان بنا رہے ہیں جب کہ ان کا وزن پہلے کی نسبت کافی کم دکھائی دے رہا ہے۔
اپنے پیغام میں انھوں نے لکھا کہ میں یہ تصاویر اپنے تمام نواسے نواسیوں، پوتے پوتیوں، بچوں اور ان تمام اچھے لوگوں کے لیے ایک چھوٹے سے تحفے کے طور پر بھیج رہا ہوں جو ہم سے محبت کرتے ہیں۔
وینزویلا کے جبراً معزول اور گرفتار کرکے نیویارک جیل میں اسیری کاٹنے والے نکولس مادورو نے کہا کہ میں چاہتا ہوں، آپ جان لیں کہ ہم آپ کی محبت سے بھرے دل کے ساتھ مضبوط کھڑے ہیں۔
اگرچہ یہ تصاویر اتوار کو شیئر کی گئیں لیکن ان پر موجود ٹائم اسٹیمپ ظاہر کرتا ہے کہ یہ 25 جون کو لی گئی تھیں یعنی وینزویلا میں آنے والے اس شدید زلزلے کے اگلے ہی دن جس میں ساڑھے 6 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ان تصاویر کے سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین شدید حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ کئی صارفین نے سوال اٹھایا ہے کہ امریکی تحویل میں موجود ایک قیدی کو سوشل میڈیا استعمال کرنے اور تصاویر پوسٹ کرنے کی اجازت کیسے مل سکتی ہے؟
یہ تصاویر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے ساتھ ایک مبینہ بڑے تیل کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت امریکا کو وینزویلا کے 65 ارب بیرل سے زائد کے تصدیق شدہ تیل کے ذخائر پر اکثریتی کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔



