ڈی این اے ٹیسٹ نے برسوں پراناراز کھول دیا،بیلجیئم کے شہزادے نے 26 سال بعد بیٹے کو باضابطہ تسلیم کرلیا

بیلجیئم(جانوڈاٹ پی کے)بیلجیئم کے ایک کار فروش کو 26 سال کی عمر میں قانونی طور پر شہزادے کا درجہ مل گیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 26 سالہ نوجوان کو بادشاہ فلپ کے چھوٹے بھائی شہزادہ لوراں کا بیٹا تسلیم کر لیا گیا۔

کلیمون وانڈن کرک ہوف اگست 2000ء میں بیلجیئم کی گلوکارہ وینڈی فان وانٹن کے ہاں پیدا ہوئے، جن کا اصل نام آئرس وانڈن کرک ہوف ہے۔

کلیمون وانڈن کرک ہوف کی والدہ نے اپنے بیٹے کو 16 سال کی عمر تک ان کے والد کی شناخت نہیں بتائی تھی۔

بعد ازاں وانڈن کرک ہوف نے شہزادہ لوراں سے رابطہ کیا، جنہوں نے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہر کی، ٹیسٹ میں تصدیق ہو گئی کہ شہزادہ لوراں ہی ان کے حیاتیاتی والد ہیں۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق تقریباً 6 ماہ قبل دونوں نے ٹاؤن ہال میں ایک سادہ تقریب کے ذریعے اپنے رشتے کے حوالے سے باضابطہ اعلان کیا، جس کے بعد شہزادہ لوراں نے بیلجیئم کی سول رجسٹری میں بھی اپنی ولدیت کا اندراج کرا دیا۔

اس قانونی شناخت کے بعد وانڈن کرک ہوف کو شہزادہ لوراں کی نجی جائیداد میں وراثت کے وہی حقوق حاصل ہو گئے جو ان کے 3 سوتیلے بہن بھائیوں کو حاصل ہیں۔

ان میں 20 سالہ شہزادی لوئیس، 19 سالہ جڑواں شہزادہ نکولس اور شہزادہ ایمیری شامل ہیں، جو شہزادہ لوراں اور ان کی اہلیہ شہزادی کلیئر کے بچے ہیں۔

کلیمون وانڈن کرک ہوف کو شاہی وظیفہ نہیں ملے گا اور نہ ہی وہ شاہی خاندان کی جانب سے سرکاری فرائض انجام دیں گے، انہیں بیلجیئم کے تخت پر بھی کوئی حق حاصل نہیں ہو گا۔

مزید خبریں

Back to top button