انسپکٹر جمشید بڑے پردے پر’’آئی جے: دی سیکرٹ پرچمنٹ‘‘ کا پہلا ٹریلر جاری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)معروف اداکار احد رضا میر اور عمیر رانا کی نئی فلم اور نامور مصنف اشتیاق احمد کے مقبول جاسوسی کردار انسپکٹر جمشید پر بننے والی فلم ’’IJ: The Secret Parchment‘‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا۔

ٹریلر میں انسپکٹر جمشید اور ان کے خاندان کے ساتھ ایک ایسے پراسرار کیس کی جھلک دکھائی گئی ہے، جس میں راز، خطرات اور جاسوسی کی کہانی نمایاں ہے۔اشتیاق احمد کے جاسوسی ناولز پڑھنے والی نسل کے لیے انسپکٹر جمشید ایک یادگار کردار کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ان کرداروں کو فلم کے ذریعے پاکستان کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ناظرین تک پہنچانا ایک منفرد اور قابلِ ذکر کوشش ہے۔ فلم کی کہانی ایک پراسرار پارچمنٹ کے گرد گھومتی ہے، جس کے راز سے پردہ اٹھانے کے دوران کئی نئے سوالات سامنے آتے ہیں۔

فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر محمد عدنان بٹ کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جمشید ہمارا اپنا ہیرو ہے، جسے اب عالمی سطح پر متعارف کروانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشتیاق احمد نے کئی دہائیوں قبل جس تخیلاتی دنیا کی بنیاد رکھی، اسے آج جدید فلمی انداز میں آگے بڑھانا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔

فلم کے اسکرین رائٹر ایرک برگ نے کہا کہ انسپکٹر جمشید اب صرف کسی ایک ملک کا کردار نہیں بلکہ پوری دنیا کے ناظرین کے لیے ہے، جبکہ ہدایتکار فہد نور کے مطابق فلم میں جاسوسی اور ایکشن کے ساتھ خاندان اور انسانی جذبات کو بھی خاص اہمیت دی گئی ہے۔

فلم میں عمیر رانا انسپکٹر جمشید، احمد رضا میر بہزاد، فاران طاہر زرفر برکی، آصف رضا میر، خان رحمان اور جاد حدید انسپکٹر اکرام کے کردار میں نظر آئیں گے، جبکہ انوشے عباسی مسز جمشید کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

بین الاقوامی کاسٹ میں اورلی شوکا، کیسی شینن، احمد حرقوس، الائن حرقوس اور راول عمران شامل ہیں۔فلم کی عکسبندی متحدہ عرب امارات میں کی گئی ہے جبکہ ایکشن ڈائریکشن کی ذمہ داری جارج کربی نے کی ہےفلم کی ڈائریکشن فہد نور نے کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button