ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹرعمران سکندرعہدہ چھوڑنے کی ہدایت پر اپنا سامان لیکر آفس سے چلے گئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر عمران سکندر کو عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران سکندر آج اپنا سامان اور فائلیں لیکر آفس سے چلے گئے ہیں، ای ڈی پمز نے روانگی سے قبل قریبی افسران و اسٹاف سے میٹنگ بھی کی۔

وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ای ڈی پمز کو جامع تحقیقات مکمل ہونے تک عہدے سے الگ رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔

26 اگست کو پمز اسپتال کے گائنی وارڈ میں جھلس کر 14 نومولود جاں بحق ہوگئے تھے، جن کے والدین غم سے نڈھال ہیں، والدین نے بچوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرنے اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے سانحہ پمز کی تحقیقاتی رپورٹ سے متعلق اجلاس لاہور میں طلب کر لیا، ذرائع کے مطابق وزیر صحت مصطفیٰ کمال اوردیگر متعلقہ افسران شرکت کریں گے۔

اجلاس میں واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ پر بریفنگ دی جائے گی،وزیر اعظم انکوائری رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں اہم ہدایات دیں گے۔

اس سے قبل سانحہ پمز کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش ،رپورٹ میں ذمہ داروں اورمتعلقہ غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی نے سانحہ پمز کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کر لیا ہے، پمز انتظامیہ، ڈاکٹروں، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے بیانات بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔

رپورٹ میں پمز اسپتال میں علاج معالجے کی ناکافی سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں کوئی بھی چیز عالمی معیار کے مطابق نہیں، رپورٹ پبلک کرنے کا اختیار وزیراعظم کو دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button