باجوڑ میں بم دھماکا، 2 بچے زخمی، ٹانک میں ہیلتھ یونٹ تباہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)باجوڑ میں بم دھماکے کے باعث دو بچے زخمی ہوگئے، ٹانک میں دہشت گردوں نے بارودی مواد کے ذریعے بنیادی ہیلتھ یونٹ کو تباہ کردیا۔

باجوڑ کی تحصیل واڑہ ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ خوڑ میں بم دھماکے سے دو بچے زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں ابوزر ولد ضیاء الرحمن اور جراہ ولد سراج الدین شامل ہیں۔ زخمی دونوں بچوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اسی طرح ٹانک کے نواحی گاؤں شیخ سلطان میں نامعلوم افراد نے بنیادی ہیلتھ یونٹ کو بارودی مواد سے تباہ کر دیا، پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب تقریباً 12 بجے پیش آیا۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ پوری عمارت زمین بوس ہو گئی، اس کی آواز دور دراز علاقوں تک سنائی دی واقعے کے وقت نامعلوم افراد نے بنیادی ہیلتھ یونٹ میں موجود چوکیدار کو مبینہ طور پر پہلے باہر نکال دیا جس کے باعث خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے۔

مزید خبریں

Back to top button