میررضا کے انصاف کیلیے شارع فیصل پر مظاہرہ کرنے والے 100 افراد کیخلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)فیروز آباد پولیس نے نوجوان مقتول تاجر میر رضا کے انصاف کیلیے شارع فیصل نرسری اسٹاپ پر کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے کا مقدمہ 100 افراد کیخلاف سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق فیروز آباد پولیس نے تھانے کے سب انسپکٹر محمد نظام کی مدعیت میں میر رضا کیس کے حوالے سے 27 اگست کی رات ساڑھے بارہ بجے شارع فیصل نرسری اسٹاپ کے قریب احتجاجی مظاہرے کا مقدمہ نمبر 898 سال 2026 بجرم دفعات 147 ، 149 ، 186 ، 341 اور 504 کے تحت درج کیا۔

مدعی مقدمہ پولیس افسر کے مطابق وہ دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ علاقہ گشت و انسداد جرائم میں مصروف تھا اور اس دوران گشت کے دوران رات ساڑھے 12 بجے نرسری بس اسٹاپ شارع فیصل پر پہنچا تو دیکھا کہ تقریباً 100 افراد نے شارع فیصل روڈ صدر سے ایئر پورٹ جانے والا ٹریک بلاک کیا ہوا تھا اور ان کے ہاتھوں میں ڈنڈے ، بینرز موجود تھے۔

مدعی مقدمہ کے مطابق ان بینرز پر میر رضا کے قاتلوں کی گرفتاری کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین آنے جانے والی گاڑیوں کو روک رہے تھے جن میں سے کچھ مظاہرین کی شناخت عدنان رضا ،داںش رحمٰن ، دانش رضا ، فیضان ، حمزہ ، رضا حسن ، علی زبیر ، طلحہٰ ، علی زوہیب ، شہریار ، سبطین ، عمار ، عبداللہ ، ضرار ، احمد ، بلال ، جمیل ، طحہٰ شیخ ، بابر حمید اور شیخ طلحہٰ کے ناموں سے ہوئی۔

اس کے علاوہ یہ تمام ملزمان اپنے دیگر 75 سے 80 نامعلوم صورت شناس ساتھیوں سے مل کر گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے روڈ بلاک کر کے نعرے بازی کر رہے تھے۔

مدعی کے مطابق اس موقع پر انھیں سمجھانے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود مشتعل مظاہرین باز نہیں آئے اور نعرے بازی کرتے رہے۔

مدعی سب انسپکٹر محمد نظام کے مطابق نامزد اور ان کے دیگر صورت شناس نامعلوم ساتھیوں پر نیت مشترک ہو کر روڈ بلاک کرنے، عوام الناس کو تنگ کرنے و گالم گلوچ کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کا ارتکاب کیا۔

فیروز آباد تھانے میں انسپکٹر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کے بعد کیس انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button