پاکستان کی سلامتی کونسل میں اسرائیل پر کڑی تنقید، جنگی جرائم کے ذمہ داروں کا محاسبہ ضروری ہے، عاصم افتخار

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے) پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں فلسطین کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی غیر قانونی آبادکاری بدستور جاری ہے اور جنگ بندی کے بعد بھی 1200 سے زائد فلسطینی شہید کیے جاچکے ہیں۔
عاصم افتخار احمد نے سوال اٹھایا کہ اگر جنگ بندی برقرار ہے تو فلسطینیوں کے خلاف حملے کیسے جاری ہیں؟ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی آبادکاری، آباد کاروں کا تشدد اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کا سلسلہ فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔
پاکستانی مستقل مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل کے تمام ارکان مقبوضہ علاقوں کے الحاق کو مسترد کرتے ہیں، جبکہ جنگی جرائم اور دیگر سنگین جرائم کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی غیر متزلزل ہے اور پاکستان فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
عاصم افتخار احمد نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کی واحد راہ منصفانہ اور جامع امن ہے۔ اس مقصد کے لیے 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔



