دعا لیپا نے کالم ٹرنر کیساتھ اپنی شادی کو زندگی کا ’جادوئی‘ دن قرار دیدیا

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ دعا لیپا نے اداکار کالم ٹرنر کے ساتھ اپنی شادی کو زندگی کا ’جادوئی‘ دن قرار دے دیا۔
دعا لیپا نے حالیہ انٹرویو میں اپنی شادی اور ازدواجی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں پہلا مشورہ یہ ملا تھا کہ شادی کے دن خود کو بھی ایک مہمان سمجھیں تاکہ پریشانی کم ہو اور تقریب سے زیادہ لطف اٹھایا جا سکے۔
ان کے مطابق دوسرا اہم مشورہ یہ تھا کہ تقریب میں چاہے کتنے ہی لوگ موجود ہوں، دلہا اور دلہن ایک دوسرے کو تلاش کرتے رہیں اور ایک دوسرے کو نظروں سے اوجھل نہ ہونے دیں۔
گلوکارہ نے بتایا کہ محبت ملنے کے بعد ان کی گیت لکھنے کی سوچ بھی تبدیل ہوئی ہے۔ ماضی میں وہ دل ٹوٹنے، کسی کی تلاش اور خواہش جیسے جذبات سے زیادہ متاثر ہوتی تھیں مگر اب وہ محبت بھرے رشتے کی پیچیدگیوں، خاموش لمحات اور چھوٹی چھوٹی باتوں کو اپنی موسیقی میں تلاش کرنا چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ دعا لیپا اور 36 سالہ کالم ٹرنر نے لندن میں قانونی طور پر شادی کرنے کے بعد 6 جون کو اٹلی کے جزیرے سسلی میں شاندار تقریب منعقد کی تھی۔



