بیہودہ رقص، نازیبا اشارے،پنجاب میں 8 اسٹیج اداکاراؤں پر ایک ماہ کی پابندی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)حکومتِ پنجاب نے اسٹیج ڈراموں میں رقص کے نام پر غیر اخلاقی حرکات اور نامناسب اشاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 اداکاراؤں پر ایک ماہ کے لیے تھیٹر پرفارمنس کی پابندی عائد کردی۔

پنجاب کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کارروائی پنجاب کونسل آف دی آرٹس (پکار) کی مانیٹرنگ رپورٹس کی بنیاد پر کی گئی۔

پکار کے ڈائریکٹر مغیث بن عزیز نے بتایا کہ صوبے بھر میں اسٹیج ڈراموں کی مانیٹرنگ جاری ہے اور ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

جن اداکاراؤں پر ایک ماہ کی پابندی عائد کی گئی ہے ان میں ماہی راجپوت، حنا شیخ، ملائکہ شہزادی، مدیحہ خان، مہک نور، مانو ملتانی، رائمہ مہر اور حسنہ جٹ شامل ہیں۔

پنجاب کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ اداکارائیں پابندی کی مدت کے دوران تھیٹر پرفارمنس نہیں دے سکیں گی۔

نوٹیفکیشن میں اس پابندی کی وجہ اداکاراؤں کے اسٹیج ڈراموں کے دوران غیر اخلاقی حرکات اور نامناسب اشارے کرنے کی شکایات تھیں جو درست ثابت ہوئی تھیں۔

یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پنجاب میں اسٹیج ڈراموں کے معیار، سنسرشپ اور تھیٹر میں قابل اعتراض پرفارمنس کے حوالے سے حکومتی نگرانی میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا کہ ان اقدامات کا مقصد اسٹیج ڈراموں میں ایسے رقص، بیہودہ حرکات اور اشاروں کی روک تھام ہے جو مقررہ قواعد یا اخلاقی ضوابط کے خلاف ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button