ایس آئی ایف سی نے ریگولیٹری اصلاحات پر عملدرآمد تیز کردیا، کاروباری رکاوٹیں ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کی ہدایت پر سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) نے ریگولیٹری اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد کے لیے اقدامات تیز کردیئے ہیں، جس کا مقصد کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

ایس آئی ایف سی کے تحت غیر ضروری قواعد، کاغذی کارروائی اور پیچیدہ تقاضوں کا جائزہ لے کر انہیں آسان یا ختم کیا جا رہا ہے، جس سے کاروباری افراد اور اداروں کو درپیش مشکلات کم ہونے کی توقع ہے۔

ریگولیٹری اصلاحات کے ذریعے دفتری رکاوٹیں کم کرنے، لائسنسنگ کا عمل آسان بنانے اور کاروبار شروع کرنے میں حائل غیر ضروری مشکلات دور کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

ایس آئی ایف سی کے مطابق اصلاحات کاروباری اداروں پر انتظامی بوجھ اور آپریشنل اخراجات کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گی، جبکہ مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری سے قواعد و ضوابط کو مزید آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنایا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق آسان اور سرمایہ کاری دوست نظام کے نتیجے میں ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button