سویڈن کے سکول میں تلوار سے حملہ، 17 سالہ طالبہ جاں بحق، 3 افراد زخمی

سویڈن(ویب ڈیسک) سویڈن کے مرکزی قصبے فائگرسٹا کے ایک سکول میں 18 سالہ تلوار بردار حملہ آور نے طلبہ پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 17 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ دوپہر کے وقت برنیل ہائی سکول میں تدریسی عمل کے دوران پیش آیا۔ زخمی ہونے والوں میں 12 اور 17 سال کے دو لڑکے بھی شامل ہیں، جنہیں معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 18 سالہ مشتبہ حملہ آور کو موقع پر گرفتار کرلیا۔ حکام کی جانب سے اس امر کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آیا ملزم کسی ایسے آن لائن گروہ یا کمیونٹی سے وابستہ تھا جو سکولوں میں تشدد کو فروغ دیتی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے سے تقریباً 20 منٹ قبل ٹک ٹاک پر سکول کے بیت الخلا سے تلوار کی تصویر پوسٹ کی گئی تھی، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ اسی حملہ آور کے اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹ سے حملے سے قبل ایسی ویڈیوز بھی شیئر کی گئی تھیں جن میں سویڈن میں ماضی کے پرتشدد واقعات اور ناروے میں 77 افراد کو قتل کرنے والے اینڈرس بریوک کا حوالہ موجود تھا۔

تفتیش کار مبینہ آن لائن فورمز کا بھی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا کسی آن لائن گروہ نے ملزم کو حملے پر اکسایا تھا۔

سویڈن کے وزیراعظم الف کرسٹرسن اور اپوزیشن لیڈر میگڈالینا اینڈرسن نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ واقعے کے بعد 13 ستمبر کو ہونے والے عام انتخابات کی انتخابی مہم کے سلسلے میں تمام سیاسی رہنماؤں نے اپنے طے شدہ خطابات بھی منسوخ کردیئے۔

مزید خبریں

Back to top button