ٹک ٹاکر کا لرزہ خیز قتل، باپ اور بھائی کے ملوث ہونے کا انکشاف

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)راولپنڈی پولیس نے ٹیکسلا میں قتل ہونے والی ٹک ٹاکر کے کیس میں اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹک ٹاکر کے قتل میں ان کے والد، بھائی اور کزن ملوث ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاکر کو ان کے باپ، بھائی اور کزن نے مل کر قتل کروایا اور باپ اپنی بیٹی کو قتل کروانے کے بعد مدعی مقدمہ بھی بن گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاکر گلمینہ کے قتل میں اپنے گھر والے ملوث نکلے ہیں، گھر والے اس کی ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر پسند نہیں کرتے تھے۔
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ ٹک ٹاکر قتل کیس میں گرفتار ملزمان کی تعداد 5 ہے، ملزمان میں سے ایک نے اعتراف جرم کرلیا ہے اور دونوں شوٹرز گرفتار ہیں۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاکر گلمینہ کے قتل کے حوالے سے لاکڑتی میں شادی شدہ خاتون کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے کہا کہ سی پی او نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز اکٹھی کی گئیں، ہم نے مختلف مقامات پر ریڈز کیے ہیں، جو لوگ اس مقدمے میں نامزد ہوئے تو تفتیش میں معلوم ہوا کہ اس میں اور بھی لوگ ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹک ٹاکر خیبرپختونخوا سے ہجرت کرکے اسلام اباد آئی تھیں، کچھ عرصہ قبل شادی کی تقریب میں ٹک ٹاکر کی شرکت پر اعتراض ہوا تھا اور پہلے اس پر حملے کی کوشش ہری پور میں کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ متقولہ کے بھائی، والد، کزن اور بھائی اس کے قتل میں ملوث ہیں، انہوں نے اس انداز سے قتل کا منصوبہ بنایا کہ اس قتل کا الزام دوسرے افراد پر لگایا جاسکے جبکہ ہم نے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے
ملک طارق محبوب نے کہا کہ اس قتل میں باپ فضل، بھائی بشیر، چچازاد بھائی احسان، والد کا چچا روزی خان اور چچازاد بھائی کا بیٹا یاسین گرفتار ہوئے ہیں۔
قتل غیرت کے نام پر کروایا گیا، ترجمان پولیس
ترجمان راولپنڈی پولیس نے کیس کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتےہوئے بتایا کہ راولپنڈی پولیس کو سوشل میڈیا پرسنیلٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلمینہ کے قتل کیس میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور قتل کے مقدمے کا ڈراپ سین ہوگیا جہاں ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل غیرت کے نام پر کروایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پرسنیلٹی کا اندھا قتل ٹریس ہوا، مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت 5 ملزمان گرفتار ہوئے ہیں، گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا والد، حقیقی بھائی، چچا زاد بھائی، والد کا چچا اور چچا زاد بھائی کا بیٹا شامل ہیں، والد فضل، بھائی بشیر، چچا زاد بھائی احسان، والد کا چچا روزی خان اور چچا زاد بھائی کا بیٹا یاسین پولیس حراست میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پرسنیلٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کو اس کے والد اور بھائی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کروایا ہے، سی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر قتل کیس پر متعدد اسپیشل ٹیمیں کام کر رہی تھیں، ٹیمیں سی پی او کو براہ راست لمحہ بہ لمحہ رپورٹ دیتی رہیں، 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا گیا، ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام ذرائع کو استعمال کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے حالات و واقعات کے پیش نظر مقتولہ کے والد اور بھائی کو شامل تفتیش کیا، ملزمان نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سوشل میڈیا پرسنیلٹی عائشہ کو قتل کروانے کا انکشاف کیا اور ملزمان نے قانون کو دھوکا دینے کے لیے ڈھونگ رچانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل غیرت کے نام پر کروایا گیا تاہم مزید تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آ سکتے ہیں، پولیس نے شواہد اور تفتیش کی روشنی میں پانچوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکسلا پولیس نے واقعے کے بعد سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل انتھک محنت کی، پولیس کی پیشہ ورانہ تفتیش سے مقدمے میں اصل ملزمان گرفتار ہوئے، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، ملزمان کتنے بھی شاطر کیوں نہ ہوں قانون کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔



