مجھے ابھی تک ہمایوں سعید پرشدید کرش ہے، نتاشا حسین

کراچی(ویب ڈیسک) معروف ماڈل، میزبان اور اداکارہ نتاشا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اب بھی اداکار ہمایوں سعید پر کرش ہے اور وہ ان کی بہت بڑی مداح ہیں۔

حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نتاشا حسین نے اپنے سیلیبریٹی کرش کے بارے میں بتایا کہ اگر وہ سچ بتائیں تو اب تک ہمایوں سعید ہی ان کے کرش ہیں اور وہ ان کی ایسی دیوانی فین ہیں کہ اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

نتاشا حسین نے ایک ملاقات کا دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ہمایوں سعید ایک شوٹ کے لیے آئے تھے اور ایک دوست کے گھر ان سے ملاقات ہوئی۔ ہمایوں کو دیکھ کر سب بہت پرجوش ہوگئے۔

ان کے مطابق وہ ہمایوں سعید کے ساتھ سیلفی لینا چاہتی تھیں، تاہم دوستوں کو خدشہ تھا کہ شاید شہرت کی وجہ سے وہ سیلفی لینے سے انکار کردیں۔

نتاشا حسین نے بتایا کہ ہمایوں سعید انتہائی خوبصورت لگ رہے تھے، اس لیے انہوں نے خود ان کے پاس جاکر سیلفی کی درخواست کی، جسے اداکار نے خوش دلی سے قبول کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمایوں نے سب سے نہایت گرمجوشی اور خلوص سے ملاقات کی، تصاویر بنوائیں اور مختلف پوز بھی دیے۔ روشنی مناسب نہ ہونے کے باعث انہیں بار بار جگہ تبدیل کرنے کا کہا گیا لیکن ہمایوں نے اس دوران بھی نہایت عاجزی اور خوش مزاجی کا مظاہرہ کیا۔

نتاشا حسین نے ہمایوں سعید کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بالکل بھی اسٹار ہونے کے نخرے نہیں دکھائے، ’’وہ میرے ڈائی ہارڈ کرش ہیں، ان کی شخصیت اور دل بہت دلکش ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ نتاشا حسین نے تقریباً دو دہائیاں قبل ٹی وی اور ماڈلنگ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور چلتے چلتے، پری زاد اور یہ دل میرا سمیت مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ ان کی شادی عباس حسین سے ہوئی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button