نیتن یاہو کے گرد گھیرا تنگ؟ ترکیہ نے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کردی

استنبول (جانو ڈاٹ پی کے) ترکیہ نے غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے بحری بیڑے پر مبینہ اسرائیلی کارروائی اور رضاکاروں کی گرفتاری کے مقدمے میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور اسرائیلی عہدیدار افیک موسکووچ کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس جاری کرنے کی درخواست کردی۔
ترک میڈیا کے مطابق وزیرِ انصاف اکین گورلیک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں بتایا کہ استنبول کی 11ویں ہائی کریمنل کورٹ نے 14 جولائی کو نیتن یاہو اور افیک موسکووچ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔
ترک وزیرِ انصاف کے مطابق وزارتِ داخلہ سے دونوں افراد کی بین الاقوامی سطح پر تلاش کا عمل شروع کرنے کے لیے انٹرپول سے ریڈ نوٹس کی درخواست کی گئی ہے، تاکہ مبینہ ملزمان کا سراغ لگایا جاسکے۔
اگر انٹرپول ترکیہ کی درخواست کو اپنے قواعد و ضوابط کے مطابق قبول کرتا ہے تو ریڈ نوٹس نیتن یاہو کی بعض ممالک میں ممکنہ سفری نقل و حرکت کو قانونی پیچیدگیوں سے دوچار کرسکتا ہے۔ تاہم ریڈ نوٹس بذاتِ خود بین الاقوامی گرفتاری کا وارنٹ نہیں ہوتا اور اس پر کارروائی متعلقہ ملک کے قوانین کے تحت ہوتی ہے۔
ترک حکام کے مطابق مقدمہ غزہ کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد لے جانے والے گلوبل فریڈم فلوٹیلا کے خلاف بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیلی مبینہ مسلح کارروائی اور رضاکاروں کی گرفتاری سے متعلق ہے۔
مقدمے میں مجموعی طور پر 35 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ نیتن یاہو اور افیک موسکووچ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ کے بعد ترکیہ نے اب انٹرپول سے ریڈ نوٹس کی درخواست کردی ہے۔



