روبرٹو کارلوس کے اسلام قبول کرنے کی خبریں جھوٹی نکلیں،سابق فٹبالر نے خود وضاحت کردی

برازیل (جانو ڈاٹ پی کے) برازیل اور ریال میڈرڈ کے لیجنڈری فٹبالر روبرٹو کارلوس کے اسلام قبول کرنے سے متعلق سوشل میڈیا اور مختلف میڈیا رپورٹس میں گردش کرنے والی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی۔
53 سالہ سابق برازیلین اسٹار نے خود ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کردیا کہ انہوں نے اسلام قبول نہیں کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق روبرٹو کارلوس نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے جاری وضاحت میں کہا کہ حالیہ میڈیا رپورٹس کے بعد وہ یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ان کے مسلمان ہونے کی خبریں درست نہیں ہیں۔
سابق فٹبالر نے ساتھ ہی اسلام اور مسلم کمیونٹی کے لیے اپنے احترام کا اظہار بھی کیا۔روبرٹو کارلوس کا نام دنیا کے عظیم ترین لیفٹ بیک کھلاڑیوں میں شمار ہوتا ہے۔ وہ طویل عرصے تک ریال میڈرڈ سے وابستہ رہے اور برازیل کی قومی ٹیم کے ساتھ بھی شاندار کیریئر گزارا۔
اسلام قبول کرنے کی افواہ کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے مختلف دعوے تیزی سے وائرل ہوئے، تاہم اب خود روبرٹو کارلوس کی وضاحت کے بعد ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔



