پنشنرزکیلئے بڑی خوشخبری!اب پروف آف لائف گھربیٹھے،بائیو میٹرک اورفیس ویریفکیشن مفت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی حکومت نے ملک بھر کے پنشنرز کے لیے ایسا جدید نظام متعارف کرا دیا ہے جس سے بار بار دفاتر کے چکر، لمبی قطاروں اور کاغذی کارروائی سے بڑی حد تک نجات ملنے کا امکان ہے۔
پنشنرز کے لیے پروف آف لائف کی تصدیق اب ڈیجیٹل طریقے سے بھی کی جاسکے گی، جبکہ بائیومیٹرک اور چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق پنشنرز اب گھر بیٹھے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ جو پنشنرز موبائل ایپ استعمال نہیں کرسکتے، ان کے خاندان کا کوئی فرد بھی ان کی جانب سے سرٹیفکیٹ بنوا سکے گا۔
حکام کے مطابق مفت سہولت ملک بھر میں قائم تقریباً 5 ہزار ای سہولت فرنچائزز پر بھی دستیاب ہوگی، جبکہ 988 نادرا مراکز اور 500 یونین کونسلز سے بھی پروف آف لائف سرٹیفکیٹ مفت حاصل کیا جاسکے گا۔
نادرا کا کہنا ہے کہ نادرا مراکز اور یونین کونسلز میں پنشنرز کو ترجیحی بنیادوں پر خدمات فراہم کی جائیں گی تاکہ بزرگ شہریوں کو غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب نادرا نے سی جی اے اور ایم اے جی کے پنشنرز کے لیے نیشنل پنشنرز رجسٹر بھی قائم کردیا ہے، جو پنشنر کی شناخت اور پروف آف لائف اسٹیٹس کی ڈیجیٹل تصدیق کا مستند ذریعہ ہوگا۔
نئے نظام کے تحت پنشنر کی وفات ڈیتھ نوٹیفکیشن ٹول یا سی آر ایم ایس میں درج ہونے کی صورت میں متعلقہ پنشن کنٹرولر کو خودکار طور پر اطلاع مل جائے گی۔ اسی طرح ثانوی یا فیملی پنشنرز کی عمر یا ازدواجی حیثیت میں تبدیلی بھی متعلقہ حکام تک پہنچائی جائے گی۔
حکام کے مطابق پنشن جاری رکھنے، تبدیل کرنے یا بند کرنے کا حتمی فیصلہ متعلقہ مجاز پنشن اتھارٹی ہی کرے گی، جبکہ مجاز بینک نیشنل پنشنرز رجسٹر سے پنشنر کا پروف آف لائف اسٹیٹس براہ راست چیک کرسکیں گے۔
ڈیجیٹل تصدیق کے اس نظام سے پنشنرز کو بار بار ذاتی طور پر حاضر ہونے اور کاغذی دستاویزات جمع کرانے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔
حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں دیگر سرکاری اور نجی اداروں کے پنشنرز کو بھی نیشنل پنشنرز رجسٹر میں شامل کیا جائے گا۔
یوں بزرگ شہریوں کے لیے پنشن کے حصول کا روایتی اور پیچیدہ عمل بتدریج ڈیجیٹل نظام میں تبدیل ہونے جارہا ہے، جہاں گھر بیٹھے تصدیق، مفت بائیومیٹرک اور چہرے کی شناخت جیسی سہولیات پنشنرز کی مشکلات کم کرسکیں گی۔



