اسرائیلی فوج کا غزہ پولیس کی چیک پوسٹ پر حملہ،9 فلسطینی شہید اور 15 زخمی

غزہ(جانوڈاٹ پی کے)غزہ میں امریکا کی ثالثی میں قائم ہونے والے نام نہاد پیس بورڈ نے اب تک فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے کاموں کا آغاز تو نہ کیا لیکن اسرائیلی جارحیت میں معصوم فلسطینیوں کی شہادتوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے طیاروں نے غزہ میں شہری پولیس کے ایک مرکز پر بلاجواز بمباری کی جس میں 9 فلسطینی شہید اور 15 زخمی ہوگئے۔

غزہ کی وزارت داخلہ نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اسرائیل جان بوجھ کر پولیس فورس کو نشانہ بنا رہا ہے تاکہ محصور علاقے میں بدامنی اور افراتفری پھیلائی جاسکے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار جنگ کے دوران شہریوں کی حفاظت اور بنیادی نظم و نسق برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں دہشت گرد عناصر کو نشانہ بنایا گیا جو اسرائیلی سرزمین اور یہودی آبادکاروں پر حملے میں ملوث رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی حکام غزہ میں حماس کے زیر انتظام پولیس فورس کے بعض اہلکار کو مسلح تنظیم سے وابستہ قرار دیتے رہے ہیں جبکہ فلسطینی حکام پولیس کو بنیادی طور پر شہری نظم و نسق برقرار رکھنے والی فورس قرار دیتے ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں اور فائرنگ کے واقعات مکمل طور پر نہیں رک سکے ہیں۔

گزشتہ دنوں بھی غزہ شہر میں اسرائیلی ڈرون حملے میں پولیس سربراہ جمال ابو کمیل شہید ہوگئے تھے جبکہ خان یونس میں ایک اور حملے میں ایک فلسطینی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا تھا۔

رائٹرز کے مطابق جنگ بندی کے بعد بھی غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 1,250 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بڑی تعداد عام شہریوں کی ہے جبکہ اسی عرصے میں 4 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

ادھر امریکی نمائندوں نے مصر، قطر اور ترکیہ کے ثالثوں کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں تاکہ غزہ امن منصوبے میں شامل جنگ بندی، حماس کو غیر مسلح کرنے، اسرائیلی فوج کے انخلا اور غزہ کی تعمیر نو کے خاکے پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button