معروف لوک گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی 75 برس کے ہوگئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)معروف لوک گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی 75 برس کے ہوگئے۔ نصف صدی سے زائد عرصے پر محیط فنی سفر میں انہوں نے اپنی منفرد آواز اور انداز سے لاکھوں مداحوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔
عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی ایسے فنکار ہیں جن کے فن میں اپنے لوگوں سے محبت، دوستی اور اپنائیت نمایاں نظر آتی ہے۔ انہوں نے سرائیکی، پنجابی اور اردو سمیت مختلف زبانوں میں ہزاروں گیت گائے جو عوام میں بے حد مقبول ہوئے۔
ان کے معروف گیتوں میں ’’سب مایا ہے‘‘ کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، جسے وہ اپنی زندگی کی کہانی قرار دیتے ہیں۔
عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کو ’’غریبوں کا گلوکار‘‘ بھی کہا جاتا ہے اور وہ اس نسبت پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے معروف شعرا کے ساتھ ساتھ گمنام شعرا کا کلام بھی بڑی تعداد میں گایا اور اسے عوام تک پہنچایا۔
فوک گلوکار کے 400 سے زائد البمز ریلیز ہوچکے ہیں، جو ان کے طویل اور کامیاب فنی سفر کا ایک منفرد ریکارڈ ہے۔
عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا فنی ورثہ نئی نسل تک بھی منتقل ہورہا ہے، ان کے بیٹے سانول عیسیٰ خیلوی بھی موسیقی کے میدان میں اپنے والد کے نام اور کام کو آگے بڑھا رہے ہیں۔



