عالمی یومِ انسانیت: صدر اور وزیراعظم کا امدادی کارکنان کو خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر اپنے پیغامات میں انسانی ہمدردی، خدمتِ خلق اور انسانی وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امدادی کارکنان اور انسانی خدمت میں مصروف اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ قدرتی آفات، بحرانوں اور ہنگامی حالات میں امدادی کارکنان کا کردار قابلِ تحسین ہے، جو متاثرین کو بروقت مدد اور سہارا فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے سماجی کارکنان، طبی عملے، چائلڈ پروٹیکشن ورکرز اور انسانی حقوق کے کارکنان کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بحرانوں میں کسی فرد کو بے یار و مددگار نہ چھوڑنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان انسانی ہمدردی، احترامِ انسانیت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے عزم پر قائم ہے اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر انسانی ہمدردی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر خدمتِ خلق، انسانی ہمدردی، انسانی عزت و وقار اور یکجہتی جیسی مثبت اقدار سے وابستگی کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔
وزیراعظم نے انسانیت کی فلاح کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والے خدمت گاروں، اداروں اور تنظیموں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ انسانیت ہر سال ان 22 انسانی خدمت گاروں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو 2003 میں عراق میں اقوام متحدہ کے دفتر پر بم دھماکے میں جاں بحق ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر انسانیت کے لیے ہمدردی اور عملی اقدامات کرنے والے ممالک میں نمایاں مقام رکھتا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کے امن دستوں میں پاکستان کی شمولیت ہمیشہ نمایاں رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لاکھوں افغان مہاجرین کی دہائیوں پر محیط میزبانی اور علاقائی و عالمی انسانی بحرانوں میں امداد کی فراہمی پاکستانی قوم کی فیاضی، ثابت قدمی اور ہمدردی کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمزور اور محروم طبقات کے حقوق اور وقار کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ خواتین، خصوصی افراد، بچوں اور نوجوانوں کے لیے سماجی شمولیت، تحفظ اور بااختیاری کے اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ انسانی حقوق، سماجی انصاف، صنفی مساوات، بچوں کے تحفظ اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ایک مضبوط اور انسان دوست معاشرے کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی یومِ انسانیت پر اس عزم کی تجدید کرتا ہے کہ امن ہو یا بحران، ملک ہر صورتحال میں انسانیت کی اعلیٰ اقدار کے ساتھ کھڑا رہے گا۔



