یوکرین کے روس پر تین دن میں 1000 ڈرون حملے، 8 افراد ہلاک

ماسکو(جانوڈاٹ پی کے)یوکرین نے گزشتہ تین روز کے دوران روس پر ایک ہزار سے زائد ڈرون حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
روسی دارالحکومت ماسکو بھی مسلسل ڈرون حملوں کی زد میں ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز یوکرین کی جانب سے ماسکو پر 620 ڈرونز داغے گئے، جن کے نتیجے میں ایک 10 سالہ بچی سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق حملوں میں روسی ای کامرس کمپنی کے گوداموں اور دیگر تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اس سے دو روز قبل یوکرین نے روس کے مختلف شہروں پر 800 سے زائد ڈرونز سے حملہ کیا تھا۔ روسی حکام کے مطابق ان حملوں میں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔ ایک ہی دن میں 800 سے زائد ڈرونز کا حملہ یوکرین کی جانب سے روس کے خلاف جنگ میں اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب روس نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ یوکرین کو ڈرونز کی فراہمی سے باز رہے۔ روسی سفارتخانے کا الزام ہے کہ برطانوی ساختہ ڈرونز روسی فوجی اور صنعتی تنصیبات پر حملوں میں استعمال ہوئے ہیں اور برطانیہ کی جنگ میں مزید شمولیت کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
برطانوی وزارت دفاع نے روسی الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ یوکرین کو دفاع کے لیے درکار ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھی جائے گی اور روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کی حمایت برقرار رہے گی۔



