بیوہ خاتون کے لاکھوں روپے ہتھیانے کا الزام،ساحر لودھی کیخلاف مقدمہ درج

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)ٹی وی میزبان اوراداکار ساحر لودھی اور ان کے ساتھی فیصل ضیاء کے خلاف ایک بیوہ خاتون سے مبینہ طور پر 40 لاکھ روپے کی رقم ہتھیانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ لانڈھی مجید کالونی کی رہائشی نغمہ وکیل کی درخواست پر تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں درج کیا گیا۔ مقدمہ نمبر 1569/2026 کے مطابق خاتون نے پولیس کو بتایا کہ فیصل لشکر والا کے ذریعے ان کی ملاقات ساحر گوہر لودھی سے ہوئی، جنہیں انہوں نے سرمایہ کاری کے مقصد سے 40 لاکھ روپے دیے تھے۔

نغمہ وکیل کے مطابق ساحر لودھی نے انہیں ایک مرتبہ ڈھائی لاکھ جبکہ دوسری بار 4 لاکھ روپے ادا کیے، جبکہ رقم کی واپسی کے لیے مجموعی طور پر 7 چیکس بھی دیے گئے، جن کی مالیت 8 اور 9 لاکھ روپے بتائی گئی۔

خاتون کا دعویٰ ہے کہ مقررہ تاریخوں پر یہ چیکس قائد آباد برانچ میں جمع کرائے گئے، تاہم تمام چیکس باؤنس ہوگئے۔ ان کے مطابق صورتحال سے ساحر لودھی کو آگاہ کرنے پر انہوں نے مزید 44 لاکھ روپے کا چیک دیا، لیکن یہ چیک بھی کلیئر نہ ہوسکا۔

نغمہ وکیل کے بیان کے مطابق ساحر لودھی سے دوبارہ رابطے کے بعد ان کے دوست فیصل ضیاء نے 20 لاکھ روپے کا چیک دیا، تاہم وہ بھی بینک سے کلیئر نہ ہوسکا۔

خاتون کا کہنا ہے کہ رقم کی واپسی کی متعدد کوششوں کے باوجود معاملہ حل نہ ہونے پر انہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔ انہوں نے ڈی جے ملیر کی عدالت میں ضابطہ فوجداری کی دفعات 22-A اور 22-B کے تحت مقدمے کے اندراج کی درخواست دائر کی۔

عدالتی حکم کے بعد پولیس نے ساحر لودھی اور فیصل ضیاء کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تاہم مقدمے میں عائد الزامات کی حتمی حیثیت شواہد اور عدالتی کارروائی کے بعد ہی واضح ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button