دنیا کا پہلا رن وے سے آزاد جنگی ڈرون تیار، ایکس بیٹ کی جنگی صلاحیتوں نے توجہ حاصل کرلی

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی شیلڈ اے آئی نے جنگی ہوابازی میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایکس بیٹ (X-BAT) نامی بغیر پائلٹ جنگی طیارہ تیار کرلیا ہے، جو روایتی رن وے کے بغیر افقی انداز میں ٹیک آف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق ایکس بیٹ کو پرواز کے لیے روایتی ایئر بیس یا رن وے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ڈرون کسی سڑک، میدان یا دیگر مناسب کھلی جگہ سے آپریشن شروع کرسکتا ہے، جس کے باعث دور دراز اور محدود سہولیات والے علاقوں میں اس کی عملی افادیت بڑھ جاتی ہے۔
ایکس بیٹ تقریباً 26 فٹ لمبا اور 39 فٹ چوڑا ہے، جبکہ اسے مختلف نوعیت کے جنگی ہتھیاروں سے لیس کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ کمپنی کے مطابق طیارہ ایک مرتبہ ایندھن بھرنے کے بعد تقریباً 2 ہزار میل تک پرواز کرسکتا ہے۔
طیارے میں ریڈار سے بچنے کے لیے اسٹیلتھ ٹیکنالوجی اور خصوصی مواد استعمال کیا گیا ہے، جبکہ طاقتور انجن اسے تیز رفتار پرواز اور مختلف جنگی مشنز انجام دینے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایکس بیٹ تجرباتی آزمائشوں کے مختلف مراحل کامیابی سے مکمل کرچکا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چھ سے سات ماہ کے دوران اسے امریکی فضائیہ کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق رن وے سے آزاد پرواز کی صلاحیت رکھنے والا یہ جدید بغیر پائلٹ جنگی طیارہ مستقبل کی فضائی جنگی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور فوجی اڈوں کے بجائے مختلف مقامات سے آپریشن کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔



