فہیم خان پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے صدر مقرر، راجہ اظہر کو سندھ کا سینئر نائب صدر بنا دیا گیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ میں تنظیمی سطح پر اہم تبدیلی کرتے ہوئے فہیم خان کو پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کا صدر مقرر کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے فہیم خان کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی ڈویژن کے سابق صدر راجہ اظہر کو پی ٹی آئی سندھ کا سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔

حلیم عادل شیخ کے مطابق فہیم خان کو کراچی ڈویژن کی صدارت راجہ اظہر کی سفارش پر سونپی گئی ہے۔

انہوں نے راجہ اظہر کی پارٹی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل ترین حالات میں پارٹی اور کراچی تنظیم کی بھرپور قیادت کی اور تنظیم کو فعال و متحرک رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ راجہ اظہر 9 مئی کے بعد متعدد مرتبہ گرفتار ہوئے، تاہم انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے بجائے مشکل حالات میں بھی پارٹی کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے امید ظاہر کی کہ فہیم خان کراچی ڈویژن میں پارٹی تنظیم کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button