کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم، عطا تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں کیش لیس اکانومی کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف بطور وزیراعلیٰ پنجاب بھی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کرچکے ہیں، جبکہ وہ ٹیکنالوجی اور مالیاتی خدمات کے انضمام پر یقین رکھتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں سرکاری شعبے کی پہلی ویڈیو کانفرنسنگ سروس متعارف کرائی گئی، جبکہ حکومت پاکستان مالی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا فروغ معاشرے میں شمولیت بڑھانے اور حکومتی و عوامی خدمات کی کارکردگی بہتر بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تنقید کا نشانہ بننے والی لیپ ٹاپ اسکیم نے کورونا وبا کے دوران اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق وبا کے دوران لوگوں نے گھروں سے کام کیا جبکہ طلبہ نے آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا۔



