محسن نقوی کا وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو سے ٹیلی فونک رابطہ،مستونگ حملہ ناکام بنانے پر بلوچستان پولیس کو خراجِ تحسین


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور مستونگ میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی۔
محسن نقوی نے حملہ ناکام بنانے پر بلوچستان پولیس کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا کرم ہوا کہ میر ضیاء اللہ لانگو حملے میں محفوظ رہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے خیریت دریافت کرنے اور حوصلہ افزائی پر وفاقی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، امن دشمن عناصر کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔